یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے یمن کے صوبوں تعز اور الجوف میں کارروائی کرتے ہوئے سعودی اتحاد کے 6 فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوجیوں نے صوبہ الجوف میں واقع علاقے وادی شواق میں سعودی اتحاد کے فوجیوں پر فائرنگ کر کے دو فوجیوں کو ہلاک اور متعدد دیگر کو زخمی کر دیا جبکہ صوبہ تعز میں انجام پانے والی کارروائی میں سعودی اتحاد کے چار فوجی ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گۓ۔
صوبہ شبوہ میں بھی عسیلان کے علاقے الساق میں یمنی فوج نے سعودی اتحاد کے فوجیوں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔
واضح رہے انصار اللہ یمن نے گذشتہ روز صوبہ مآرب میں سعودی عرب کا ایک ڈرون طیارہ بھی مار گرایا تھا یہ طیارہ صرواح کے علاقے المشجح میں مار گرایا گیا۔
یمن کے عوامی رضاکاروں نے یکم اکتوبر کو بھی، ایم کیو 9، قسم کے ایک امریکی ڈرون طیارے کو مار گرایا تھا جس کو مار گرانے اور اس کے ملبے کی تصاویر بھی انھوں نے شائع کی تھیں۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے سعودی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے صوبے نجران کی الخضرا گذرگاہ کے قریب سلاطح اور البیضا علاقوں نیز غرامیل پہاڑوں پر حملہ کر کے کئی سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
اس سے قبل سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے صعدہ کے کتاف علاقے پر سات بار بمباری کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب امریکہ کی حمایت سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو مسلسل جارحیت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے جس میں اب تک دسیوں ہزار یمنی عام شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اس ملک کی بنیادی تنصیبات بھی تباہ ہو چکی ہیں۔