اسلامی جمہوری ایران کے صدر مملکت کا کہنا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو نہ تنہا ایران میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بلکہ عراق، لبنان اور شام کے عوام کی بھی اس سے بے پناہ محبتیں ہیں۔
ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کے صدر مملکت حسن روحانی کا کہنا ہے کہ انقلابی گارڈ صرف ایرانی فوج کا ایک حصہ نہیں ہے بلکہ یہ ہر ایرانی کے دل کی دھڑکن ہے۔۔
حسن روحانی کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ نے سپاہ پاسداران کے خلاف کوئی اقدام کیا تو یہ ان کی بہت بڑی غلطی ہوگی کیونکہ پاسداران انقلاب صرف ایک فوجی یونٹ نہیں بلکہ ایرانی قوم کی دلوں کی دھڑکن ہے، پاسداران انقلاب سے ایرانیوں کے علاوہ عراق، لبنان اور شام کے لوگ بھی بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
حسن روحانی نے ایرانی حکام کے ایک اعلیٰ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاسداران نے نہ صرف ایران کی حفاظت کی ہے بلکہ بغداد اور دمشق کو بھی دہشت گردوں سے نجات دلایا ہے، سپاہ پاسداران نے کردوں کو بھی دہشت گردوں سے محفوظ رکھا ہے اور ان کا دفاع کیا ہے جس کی وجہ سے کردوں کے دلوں میں بھی سپاہ کے لئے بے پناہ محبتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران نے ہمیشہ سے مظلوموں کی حمایت کی ہے۔
حسن روحانی کا کہنا تھا کہ امریکہ کم ازکم 20 سال تک داعش کو خطے پر مسلط کرنا چاہتا تھا لیکن سپاہ پاسداران نے تمام تر امریکی منصوبوں پر پانی پھیر دیا ہے جس کی وجہ سے امریکہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ سپاہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دے کر دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتاہے۔